ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کولار کے اسپتال میں 52لاکھ روپیوں کی پرانی دوائیں

کولار کے اسپتال میں 52لاکھ روپیوں کی پرانی دوائیں

Sun, 24 Jul 2016 10:50:26  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو23؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت کے آر رمیش کمارنے کہاکہ کولار کے ایس این آر ضلع اسپتال میں ایسی دوائیں جن کی مدت استعمال ختم ہوچکی ہو ان کا بہت بڑا ذخیرہ بغیر تباہ کئے اسپتال کے گودام میں پڑا ہوا ہے۔ آج ضلع اسپتال کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں کوانہوں نے بتایاکہ ضلع اسپتال میں دواؤں کی کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ لیکن یہاں معائنہ کے دوران انہیں پتہ چلا کہ 52 لاکھ روپے مالیت کی ایسی دوائیں جن کی مدت استعمال ختم ہو چکی ہے، رکھی گئی ہیں۔انہوں نے دریافت کیا کہ ضلع اسپتال کو اس کی مانگ کے مطابق دواؤں کی فراہمی کی جارہی ہے یا افزود دوائیں مہیا کرائی جارہی ہیں۔ اس مرحلے میں انہوں نے اسپتال کے گودام کے منیجر نٹراج کو آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیر موصوف کی طرف سے کئے گئے سوالات کے جواب دینے میں نٹراج کی لاپرواہی پر انہوں نے انہیں سخت سست کہا۔ بعد میں جب انہوں نے بتایاکہ ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں کھل کر صاف صاف بتائیں تو کچھ نہیں کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں نٹراج نے بتایاکہ اسپتال کی طرف سے جو فہرست دواؤں کی فراہمی کیلئے دی جاتی ہے اس کے مطابق سپلائی نہیں کی جاتی۔ کمپنیوں کی طرف سے جب دوائیں دی جاتی ہیں تو ان کی مدت استعمال کی باقاعدگی سے جانچ نہیں ہوتی جس کی وجہ سے اکثر دوائیں پرانی ہی فراہم کردی جاتی ہیں۔ بعد میں جب مدت استعمال ختم ہوچکی دواؤں کا ذخیرہ کافی بڑھ جاتا ہے تو اسے واپس لینے سے کمپنیاں انکار کردیتی ہیں۔ ان تمام تفصیلات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد وزیر موصوف نے اسپتال کے مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا اور یہاں حاصل سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ اسپتال میں آئی سی یو کے ڈاکٹروں کی اسامیوں کے خالی رہنے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ماہانہ 1.2لاکھ روپیوں کی تنخواہ پیش کئے جانے کے بعد بھی ڈاکٹر سرکاری خدمت کیلئے راضی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر وں کی بھرتی کیلئے بہت جلد قدم اٹھائے جائیں گے۔ وزیر موصوف کے ہمراہ کولار کے ڈی سی ترلوک چندرا ، ایس پی ڈاکٹر دیویاگوپی ناتھ ، ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر شیوکمار ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رمیش کمار وغیرہ موجود تھے۔


Share: